علی ساہی: حکومتی شخصیت کے عزیز کے قتل میں ملوث قیدی کو علاج کی اجازت کیلئے کیس اعلی حکام کوبھجوانے کا معاملہ، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل چوہدری اصغر عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو اعلی حکومتی شخصیت کے رشتہ دارکے قتل میں ملوث قیدی کو علاج کے لئے ہسپتال منتقل کرنے کا کیس فارورڈ کرنا مہنگا پڑگیا ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل چوہدری اصغر کو فوری طورپر آئی جی جیل آفس رپورٹ کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اعجاز اصغر اڈیالہ جیل تعینات ہوگئے، سپرنٹنڈنٹ کیمپ جیل اسدوڑائچ کو کوٹ لکھپت جیل کااضافی چارج دے دیا گیا، 2 سپرنٹنڈنٹس پہلے بھی اسی قیدی کوعلاج کی خاطر ہسپتال بھجوانے کی وجہ سے تبدیل ہوچکے ہیں،
متعلقہ قیدی کورونا وائرس اور دل کے عارضے میں مبتلا بتایا جاتا ہے، جیل حکام کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے پینل نے قیدی کو ہسپتال منتقل کرکے علاج اور ٹیسٹ کروانے کا کہنا تھا، حکومتی شخصیت کے ڈر سے ہسپتال منتقل کرنے کی بجائے کیس اعلیٰ حکام کو فارورڈ کیا گیا تھا۔
حکومتی شخصیت تک بات پہنچنے پرسپرنٹنڈنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔