(سٹی 42) سانحہ ساہیوال کے زخمی تینوں بچوں کو ایمبولینس کے ذریعے لاہور منتقل کردیا گیا۔ عمیر اور منیبہ کو جنرل ہسپتال میں داخل کروادیا گیا جبکہ کمسن ہادیہ کو گھر بھیج دیا گیا۔
خوشیوں کا سفر، غم میں بدل گیا، کل لاہور سے نکلی فیملی بورے والا نہ پہنچ سکی، ساہیوال میں ہی قیامت ٹوٹ پڑی، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی , گولیاں لگنے سے میاں بیوی سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ گاڑی میں سوار تین بچے بھی زخمی ہوگئے جنہیں آج بذریعہ ایمبولینس لاہور منتقل کردیا گیا۔عمیر کی ٹانگ میں گولی لگی تھی جبکہ منیبہ شیشہ لگنے سے زخمی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق زخمی عمیر اور منیبہ کو جنرل ہسپتال میں داخل کردیا گیا جبکہ ہادیہ کو چچا گھر لے گئے ہیں۔پرنسپل جنرل ہسپتال ڈاکٹر محمد طیب کا کہنا ہے کہ بچوں کو صبح پانچ بجے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، بچوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ، تاہم بچوں کے جسمانی اور نفسیاتی علاج کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ زخمی دونوں بچوں کے ایکسرے کر دیئے گئے۔ عمیر کو لگنے والی گولی آر پار ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ہڈی ٹوٹنے سے بچ گئی۔
دوسری جانب سانحہ ساہیوال کے لواحقین جی ٹی روڈ پر اپنے پیاروں کی نعشیں سڑک پر رکھ کر احتجاج کررہے ہیں، مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ کونسا انصاف ہے، یہ کون سا قانون ہے، ہم کہاں جائیں، ہم بیٹھے ہیں ادھر، ہم دہشتگرد ہیں ہمیں مار دو۔ ہم اس ظلم کے نظام میں نہیں جینا چاہتے ۔ ناحق قتل کردیا گیا ہمارے پیاروں کو۔ بچوں کے سر سے ان کے والدین کا سایہ چھین لیا۔ بے گناہ خون کا حساب کون دے گا۔
مکمل تفصیل جاننے کیلئے لنک پر کلک کریں: ساہیوال مبینہ پولیس مقابلہ، 4 افراد جاں بحق، واقعہ میں ملوث اہلکار گرفتار