پیرحمید الدین سیالوی کی حکومت کو نظام شریعت کے نفاذ کیلئے ڈیڈلائن جاری

پیرحمید الدین سیالوی کی حکومت کو نظام شریعت کے نفاذ کیلئے ڈیڈلائن جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42)خواجہ پیر حمید الدین سیالوی نے کہا ہے کہ شریعت کا قانون نافذ نہ ہوا تو پنجاب بھر کے گلی کوچوں کو بند کر دیں گے۔

ختم نبوت کانفرنس داتا دربار سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ شریعت کا قانون نافذ نہ ہوا تو پنجاب بھر کے گلی کوچوں کو بند کر دیں گے۔ رانا ثناء اللہ روز حشر کیا جواب دے گا؟ استعفیٰ نہ دینے پر جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا بھی اعلان کردیا۔

ختم نبوت کانفرنس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا، پیر آف سیال شریف خواجہ حمید الدین سیالوی، سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا اور تحریک لبیک یا رسول اللہ کی مرکزی قیادت کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے علماء اور مشائخ اپنے مریدوں کے ساتھ قافلے میں شریک ہوئے۔

صوبائی حکومت کی مشکلات میں ابھی بھی کوئی کمی نہیں آئی، متحدہ اپوزیشن کے سیاسی پاور شو کی ابھی گونج کم نہیں ہوئی تھی کہ ملک بھر سے علماء اور مشائخ آج لاہور میں داتا دربار کے سامنے ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کے لئے کثیر تعداد میں جمع ہوگئے۔

کانفرنس میں صاحبزادہ پیر نظام الدین سیالوی، فیصل آباد جلسے میں مستعفی ہونے والی ایم این اے غلام بی بی بھروانہ، جمعیت علما پاکستان نورانی کے مرکزی رہنما صاحبزادہ ابو الخیر زبیر، سید محمد صفدر گیلانی سیالوی، سید حسن رضا مدنی، مستعفی ایم پی اے محمد خان بلوچ، سجادہ نشین کوٹ مھٹن صاحبزادہ حامد عزیز، سربراہ سنی تحریک بلال سلیم قادری، صدر جماعت اہلسنت پنجاب مفتی اقبال چشتی بھی کانفرنس کا حصہ تھے۔ شرکاء نے صوبائی وزیر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔

ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر کانفرنس کے شرکاء کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پانچ ایس پیز، دس ڈی ایس پیز اور تین ہزار سے زائد پولیس کی بھاری نفری کو داتا دربار و اطراف میں تعینات کیا گیا۔

راوی روڈ، سرکلر روڈ اور لوئر مال سے داتا دربار کی جانب آنے والے راستوں کو ٹیکسالی گیٹ، اردو بازار چوک اور کچہری چوک میں کنٹینرز لگا کر بند کر کے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑا گیا۔