سٹی 42: پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم پر سوالات کی بوچھاڑ کردی۔
مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ عمران مافیا اپنی کرپشن ، چوری معیشت کی تباہی اور نااہلی کا بوجھ میڈیا پہ نہیں ڈال سکتے۔ عمران صاحب آپ کی حکومت کا اپنا سٹیٹ بنک آپ کی نالائقی ، چوری اور نااہلی کی داستان سُنا رہا ہے ،عمران صاحب حکومت کا ادارہ شماریات آپ کے اٹھارہ ماہ میں ترقی کی شرح 5.8 سے 1.9 فیصد اور مہنگائی کی شرح 3 سے 14 فیصد دکھا رہا ہے ۔
انہوں نے تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب جن کے گھر روٹی نہیں، آٹا نہیں، چینی نہیں، اُن کو میڈیا کیا بتائے گا ؟ عمران صاحب اٹھارہ ماہ میں جن کے روزگار ، کاروبار اور گھر چھن گئے اُن کو میڈیا کیا بتائے گا ؟ عمران صاحب 30 لاکھ لوگ جو اٹھارہ ماہ میں بےروزگار ہو گئے اُن کو میڈیا اور اپوزیشن کیا بتائے گی ؟ عمران صاحب40 لاکھ لوگ جو اٹھارہ ماہ میں غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں، ان کو میڈیا اور کیا بتائے گا ؟ عمران صاحب جن غریبوں کی اٹھارہ ماہ میں ہسپتالوں میں مفت دوائی بند ہوگئی، ان کو میڈیا کیا بتائے گا ؟ عمران صاحب گیس ۲۵۰ فیصد اور بجلی ۲۰۰ فیصد مہنگی ہو گئی، میڈیا عوام کو کیا بتائے گا؟
انہوں نے مزید کہا کہ عمران صاحب کیا اٹھارہ ماہ میں 12000 ارب کا تاریخی قرض میڈیا اور اپوزیشن نے لیا ہے ؟ عمران صاحب کیا اٹھارہ ماہ میں روپے کی قیمت قدر میں 35 فیصد کمی نیشنل یا سوشل میڈیا نے کی ہے ؟ عمران صاحب کیا عوام کا کاروبار ، روزگار اور روٹی میڈیا اور اپوزیشن نے چرائی ہے؟ عمران صاحب چھ سال میں پشاور میٹرو کے کھڈے ۱۵۰ ارب کے ہو گئے تو اس میں میڈیا اور اپوزیشن کا کیا قصور ہے ؟
انہوں نے کہا عمران صاحب عوام چور وزیراعظم کو ٹیکس نہیں دے رہی تو اِس میں میڈیا اور اپوزیشن کا کیا قصور ہے ؟ عمران صاحب آپ چور ، کرپٹ ، نالائق اور نااہل ہیں تو اس میں میڈیا کا کیا قصور ہے ؟ عمران صاحب اگر آپ اپنے آٹا اور چینی چور اے ٹی ایمز کے خلاف کاروائی نہیں کر سکتے تو اس میں میڈیا کیا کر سکتا ہے ؟