سٹی42: سعودی عرب سے لاہور آنے والی پی آئی اے طیارے میں فنی خرابی کے سبب اچانک سنگین صورتحال پیدا ہو گئی۔
پی آئی اے کے طیارے کو سعودی عرب میں ہی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑ گیا۔
پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 860 آج جدہ سے کثیر تعداد میں مسافروں کو لے کر لاہور کے لئے روانہ ہوئی تو سب کچھ بظاہر معمول کے مطابق تھا۔
پرواز کے کچھ ہی دیر بعد پائلٹ کو پتہ چلا کہ طیارے میں فنی خرابی ہے۔
دوران پرواز جہاز میں خرابی ک سامنے آ جانے کے باعث پائلٹ نے حفاظتی مینوئل پر عمل کیا اور سعودی عرب کے اس وقت قریب ترین ائیر پورٹ کے ائیر ٹریفک کنٹرول کرنے والے حکام کو اپنے طیارے مین سامنے آنے والی ٹیکنیکل خرابی سے آگاہ کیا۔ پائلٹ نے طیارے کو دمام ائیرپورٹ پر اتارنے کی اجازت مانگی جو اسے فوری طور پر مل گئی۔ پی آئی اے کی اس مسافروں سے بھری فلائٹ کو دمام ائیر پورٹ پر ہنگامی لینڈِنگ کروائی گئی۔ طیارہ کو بخیریت دمام ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا ۔
ہنگامی لینڈنگ کے دوران جہاز میں تمام مسافروں کے لئے آکسیجن ماسک کھل گئے ۔
جہاز میں 350 سے زائد مسافر سوار تھے ۔
جہاز کی دمام ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران ائیرپورٹ پر ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی تھی۔
پی آئی اے انتظامیہ نے مسافروں کو لاہور لانے کیلئے متبادل طیارے پاکستان سے روانہ کردیا ہے۔ نئے طیارے سے روانگی تک تمام مسافر دمام ائیرپورٹ پر موجود ہیں اور تمام مسافر بخیریت ہیں۔