احسن عباسی: کراچی میں مرغی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں جس کے باعث مرغی کاگوشت 700روپے کلوتک پہنچ گیاہے۔
زندہ مرغی 470روپے کلوتک دستیاب ہونے جبکہ زندہ مرغی کی سرکاری قیمت 416روپے کلوہے جبکہ گوشت کی سرکاری قیمت 630روپے کلوہے۔ پولٹری ایسوسی ایشن کے رہنما ملک ظریف کا کہنا ہے کہ مرغی مہنگی ہونے کی وجہ طلب اور رسد ہے۔
دوسری جانب شہر لاہور میں آج طلب کے مقابلے میں چکن کی سپلائی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں سرکاری نرخ پر مرغی اور مرغی کا گوشت دستیاب نہیں ہو سکا۔
مرغی فروشوں کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں انہیں معمول سے کم سپلائی ملی، جس کے باعث سرکاری قیمت پر فروخت ممکن نہ رہی۔ سرکاری نرخ 519 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود چکن 550 سے 600 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا۔
مرغی فروشوں کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے باعث لاہور کی منڈی میں بروقت سپلائی نہیں پہنچ سکی، جس سے مارکیٹ میں قلت پیدا ہو گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ سپلائی میں بہتری نہ آنے کی صورت میں قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
زندہ برائلر کے سرکاری نرخ بھی مارکیٹ میں دستیاب نہیں رہے۔ فارم ریٹ 330 روپے فی کلو، تھوک ریٹ 344 روپے اور پرچون ریٹ 358 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود شہری ان نرخوں پر مرغی خریدنے سے محروم رہے۔