ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

موسلادھار بارش، صوبائی دارالحکومت لاہور پانی پانی ہوگیا

موسلادھار بارش، صوبائی دارالحکومت لاہور پانی پانی ہوگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42)لاہورمیں سات گھنٹوں تک جاری رہنےوالی تیز بارش سےجل تھل ایک ہوگیا، سڑکیں ندیاں، چوک چوراہے تالاب بن گئے،گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں خراب ہونے سے شہری سڑکوں پررل گئے، نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا،بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام بھی بیٹھ گیا، 77 فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ 

شہر میں موسلادھار بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، چرند پرند اور انسان سبھی کے چہرے کھل اُٹھے، گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے بعد شہر کا درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا، جبکہ 23کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 94 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز تک مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق بارش سے ڈیوس روڈ اور گورنر ہاؤس کی عقبی سڑک ڈوب گئی، شادمان کا علاقہ اور والٹن روڈ بھی زیر آب آگئے، ریلوے روڈ اور برانڈرتھ روڈ مارکیٹ میں پانی جمع ہونے سے دکاندار کاروبار نہیں کھول سکے، بادامی باغ آٹو پارٹس مارکیٹ اور رحمان گلیاں مارکیٹ تالاب کے تاجر نکاسی آب کیلئے واسا عملے کے منتظر رہے۔

سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے تاجروں نے کہا کہ دالگراں چوک سے ریلوے روڈ مارکیٹ بارش اور گٹروں کے بدبودار پانی سے بھری پڑی ہے، تعفن کے باعث دکانوں میں بیٹھنامشکل ہوگیا ہے، واسا نکاسی آب بروقت یقینی نہیں بناتا، جس کے باعث مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاجر گندے پانی سے گزرنے سے جلد کے امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔

تاجروں نے کہا کہ نکاسی آب کا بروقت انتظام نہ کرنے والے افسران کیخلاف وزیراعلی عثمان بزدار فوری ایکشن لیں۔

جیل روڈ، مال روڈ، جوہر ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، ٹاؤن شپ، سبزہ زار، مرغزار کالونی، ہربنس پورہ، جلو موڑ، فتح گڑھ، تاج پورہ، لوئرمال، اسلام پورہ، گلشن راوی، فیروزپور روڈ، اچھرہ، جیل روڈ، شادمان، شاہ جمال، ریس کورس، گڑھی شاہو ڈیوس روڈ، گلبرگ اور ملحقہ علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، نکاسی آب کے مسائل کی وجہ سے ٹریفک وارڈنز بھی جوتے اتار کر ڈیوٹی کرتے نظر آئے۔

اولڈ کلب روڈ بھی پانی سے بھر گئی، شادمان میں انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی سڑک پر پانی کھڑا رہا، پانی کھڑا ہونے سے سڑک پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی جبکہ معمولی بارش سے گٹر بھی اُبلنے لگے، راہگیروں کو بھی آمدو رفت میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

لاہورپریس کلب اور ملحقہ سڑکوں پر بروقت نکاسی آب کا کام نہ ہو سکا، ڈیوس روڈ، گورنر ہاؤس اور ریلوے اسٹیشن کے اطراف میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا رہا۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ دربار پانی پاکدامن کے اطراف صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کوڑا کرکٹ بارشی پانی میں تیرنے لگا، جس کی وجہ سے تعفن پھیل گیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال برسات کے موسم میں بارش ہونے کے بعد اسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لیکن انتظامیہ کی جانب سے برسات کے موسم سے پہلے کوئی بھی اقدامات نہیں کیے جاتے۔ محکمہ موسمیات کے نوٹس جاری کرنے کے باوجود بھی واسا کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات کی صفائی ستھرائی نہیں کی جارہی۔ 

جیل روڈ میں سب سے زیادہ 20 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 2، گلبرگ میں 9، لکشمی چوک میں 20، اپر مال پر18،مغلپورہ پر 17 اور تاج پورہ میں 19ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نشترٹاؤن میں 20، چوک ناخدا میں 11، پانی والا تالاب میں 16.5، فرخ آباد میں 14، گلشن راوی میں 14 اور اقبال ٹاؤن میں 11، سمن آباد 14، جوہر ٹاؤن میں 19 جبکہ پنجاب یونیورسٹی میں 16 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

Sughra Afzal

Content Writer