ملک اشرف : ڈکیتی کیس کے ملزم کی اخراجِ مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ نہ ہونے کے معاملے پر لاہور ہائیکورٹ میں دائر توہینِ عدالت کی درخواست عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کردی گئی۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے شہری عثمان ظفر کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت پولیس کی جانب سے انسپکٹر نعیم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر نے پولیس افسران کی رپورٹ عدالت میں پیش کی ،رپورٹ کے مطابق درخواست گزار کے خلاف ضلع منڈی بہاؤالدین میں ڈکیتی سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات درج تھے۔ درخواست گزار نے ان مقدمات میں سے ایک ڈکیتی کے مقدمہ کے اخراج کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، جس پر عدالت نے آئی جی پولیس کو زیر التواء درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آئی جی نے درخواست گزار کا مؤقف سننے کے بعد اس کی اندراج مقدمہ کے اخراج کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ بعد ازاں درخواست گزار نے 20 جون 2019 کو اس وقت کے آئی جی کیپٹن (ر) عارف نواز کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اپنایا تھا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔تاہم طویل عرصہ گزرنے کے باوجود درخواست گزار کی جانب سے کیس کی پیروی نہ کی گئی، جس پر عدالت نے عدم پیروی کی بنیاد پر توہینِ عدالت کی درخواست خارج کردی۔عدالت کی جانب سے کیس نمٹا دیا گیا۔