جنید ریاض: سرکاری سکولوں کو ٹھیکے پر لینے کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آ گئی ہیں، جہاں بھاری فیسیں جمع کروانے کے باوجود متعدد درخواست دہندگان کو نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن (ایپساء) نے اس صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دستاویزات آن لائن جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ایپساء کے صدر شبیر احمد ہاشمی کے مطابق گورنمنٹ سکولز کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 اپریل مقرر تھی، تاہم جن افراد اور اداروں نے مقررہ وقت میں فیسیں جمع کرا دی تھیں، انہیں ڈیٹا آن لائن اپلوڈ کرنے کے لیے مناسب وقت نہیں دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ درخواست جمع کرانے کے لیے انفرادی طور پر 10 ہزار روپے جبکہ این جی اوز کی جانب سے ایک لاکھ روپے تک فیس جمع کروائی گئی، اس کے باوجود امیدواروں کو نااہل قرار دینا ناانصافی ہے۔
ایپساء نے وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے تمام درخواست دہندگان کو ڈیٹا آن لائن مکمل کرنے کی اجازت دی جائے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔