ویب ڈیسک:عالمی توانائی بحران کے تناظر میں ایران نے تیل کی پابندیوں پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس کے اثرات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہیں گے۔
ایرانی قیادت کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں استحکام کے لیے یکساں پالیسی ناگزیر ہے، بصورت دیگر قیمتوں میں اتار چڑھاؤ شدت اختیار کر سکتا ہے۔
محمد رضا عارف نے اپنے بیان میں کہا کہ ایرانی تیل کی برآمدات پر عائد پابندیوں کے نتائج پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں مؤقف اختیار کیا کہ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں استحکام اسی وقت ممکن ہے جب ایران پر موجود معاشی اور عسکری دباؤ ختم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف ایران کی تیل برآمدات کو محدود کیا جائے اور دوسری جانب دیگر ممالک کے لیے بلا رکاوٹ توانائی کی فراہمی اور سلامتی کی توقع رکھنا حقیقت پسندانہ نہیں۔
ایرانی نائب صدر نے واضح کیا کہ عالمی برادری کے پاس دو ہی راستے ہیں: یا تو تیل کی منڈی کو سب کے لیے کھلا رکھا جائے یا پھر پابندیوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بھاری معاشی اثرات کو قبول کیا جائے۔