کلیم اختر:: شہر کے سی بی ڈی ایریا میں رات کے اوقات میں خطرناک ویلنگ اور ریسنگ کا رجحان تیزی سے بڑھنے لگا ہے، جس نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایک متحرک گروہ رات کے وقت سڑکوں کو ریسنگ ٹریک میں تبدیل کر دیتا ہے، جہاں تیز رفتار موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں نہ صرف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہیں بلکہ قیمتی انسانی جانوں کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوان موٹرسائیکلوں پر خطرناک اسٹنٹس کرتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث حادثات کے خدشات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہریوں نے اس صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ریسنگ اور ویلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے ہوئے اس خطرناک رجحان کا فوری سدباب کیا جائے۔