سٹی42: مشہور ٹک ٹاکر کاشف ضمیر کیخلاف ایک بار پھر پیسوں کے لین دین میں بے ضابطگی کے باعث مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کوٹ لکھپت میں کاشف ضمیر کے خلاف امانت میں خیانت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر شہری امتیاز احمد خان کی مدعیت میں درج کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاکر نے سات لاکھ سڑسٹھ ہزار روپے ادھار لیے لیکن واپسی سے انکار کر دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق کاشف ضمیر نے رقم واپس مانگنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس نے ملزم کے خلاف دفعہ 406 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ کاشف ضمیر اس سے قبل بھی تنازعات کی زد میں آ چکے ہیں، کچھ عرصہ قبل اس کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ پولیس اہلکار کو نوٹوں سے بھرا تھال تھما کر مذاق اڑا رہا تھا۔ اس واقعے پر اس کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کی گئی تھی۔