افشاں رضوان:پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود مہنگائی کے بوجھ تلے دبے شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف نہ مل سکا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت پہلے پیٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ کرتی ہے اور بعد ازاں معمولی کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کا تاثر دیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں موجودہ کمی عوام کی توقعات کے مطابق نہیں۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 389 روپے 14 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، تاہم شہریوں نے معمولی کمی پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں کمی کے باوجود مہنگائی میں خاطر خواہ کمی آنے کا امکان نہیں، جبکہ مسلسل بڑھتی مہنگائی کے باعث گھریلو بجٹ پہلے ہی بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
عوام نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی اخراجات کم کرنے کے بجائے عوام پر مالی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔