سٹی42: پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے لیڈر اور پی ٹی آئی کے سیاسی اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے ایک بار پھر بغاوت کرنے کا اعلان کیا اور اس کے ساتھ یہ بھی کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں نیا سوشل کنٹریکٹ کریں۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے یہ باتیں پی ٹی آئی کے بانی چئیرمین کی بہنوں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہیں۔
محمود اچکزئی نے الزام لگایا کہ پاکستان میں آئین کی حکمرانی نہیں ہے۔ سیاسی جماعتیں آئین کی حکمرانی بحال کریں اور ایک سماجی معاہدہ کریں جس پر تمام جماعتیں دستخط کریں۔
محمود اچکزئی نے کرپشن کیس مین طویل قید کی سزا کاٹ رہے پی ٹی آئی کے بانی کے متعلق کہا، "میں عمران خان کی ضمانت دیتا ہوں وہ کسی کے خلاف کارروائی نہیں کرے گا۔"
محمود خان اچکزئی کی یہ پریس کانفرنس منگل اور بدھ کی درمیانی رات اڈیالہ جیل روڈ پر ایک پولیس چیک پوسٹ کے قریب بانی کی تین بہنوں کے کئی گھنٹے کے دھرنے کے بعد سامنے آئی ہے۔ اس دھرنے کو ختم کرنے کے لئے لیڈی پولیس نے نصف شب کارروائی کر کے بانی کی بہنوں کو حراست مین لے کر چکری انٹرچینج پر لے جا کر چھوڑ دیا تھا جہاں سے وہ لاہور واپس چلی گئی تھیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ ایک غلط فہمی ملک میں پھیلا دی گئی ہے کہ ایک آدمی ہے جو باغی ہے اس کو توڑنا ہے، یہ 25 کروڑ انسانوں کی لڑائی ہے، یہ زر اور زور کی بنیاد پر حکومت لی گئی، لوگوں کے گھروں میں جاکر انہیِں بے عزت کیا گیا یہ جرم ہے۔ ایک طرف "ایک آدمی" کے باغی ہونے کے تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے دوسری طرف محمود اچکزئی نے دعویٰ کیا، ہم نے علم بغاوت بلند کیا ہے، اس ملک میں آئین کی حکمرانی ہوگی ادارے اپنا اپنا کام کریں، اس پر سیاسی جماعتیں دستخط کریں، بانی پی ٹی آئی کے دستخط میں لے آؤں گا بانی کی ضمانت ہم دیں گے وہ کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ظالم حکمران کے سامنے کھڑا ہونا جہاد ہے۔ کسی کی طاقت فرعون سے زیادہ نہیں ہے سب سے پوچھ کچھ ہوگی۔
محمود اچکزئی نے کہا، ہمارا کسی جنرل، شریف یا زرداری سے کوئی اختلاف نہیں، ایک اچھا سماجی معاہدہ کریں پاکستان کو چلائیں، ہمیں حکمران نہیں بننا، بس ہمارا آئین ہمیں واپس کردو۔