سٹی 42 : کیا کام کیا ، کیا کارکردگی رہی سب بتائیں,محکمہ بلدیات نے جواب جمع نہ کروانے والوں کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا ۔تاخیری حربے استعمال کرنے والے 268 ایم سی ایل چیف افسران کو کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
محکمہ بلدیات نے کارکردگی رپورٹ جمع نہ کروانے والی لوکل گورنمنٹس کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا،تاخیری حربے استعمال کرنے والے 268چیف افسران کو کارروائی کا عندیہ دے دیا گیا اور رپورٹ جمع کروانے کیلئے مراسلہ جاری کر دیا،جس کے مطابق صرف 122سربراہان نے رپورٹ بروقت جمع کروائی،محکمہ بلدیات پنجاب نے 390لوکل گورنمنٹس کے سربراہان سے کارکردگی رپورٹ طلب کر لی۔
تمام لوکل گورنمنٹس کے چیف افسران کو جاری مراسلے میں کہا گیا کہ تجاوزات کیخلاف کتنی کارروائیاں کی گئیں تفصیلی رپورٹ جمع کروائی جائے،قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن میں کتنی سرکاری زمین واگزار کرائی گئی، کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت کتنی تقریبات اور پروگرام منعقد کرائے گئے اور کیا اس مقصد کیلئے آگاہی مہم چلائی گئی ؟کتنے پارکس کی تزین و آرائش اورکتنے مقامات پر خراب روڈز کی مرمت و بحالی کیلئے پیچ ورکس مکمل کیا گیا ؟،ضلع میں کتنے فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، کتنے خراب اور کتنے ٹھیک ہیں آگاہ کیا جائے جبکہ کتنے فیصد آبادی کے پاس پینے کے صاف پانی کی سہولت موجود ہے؟