(قذافی بٹ) پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی رکن اسمبلی شعوانہ بشیر بھی کورونا وائرس کا شکار بن گئیں، وزیراعلی پنجاب نے پھولوں کا گلدستہ بھجوا دیا۔
پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی رکن اسمبلی شعوانہ بشیر بھی کورونا وائرس سے شدید متاثر ہوگئیں جنہیں عادل ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے رکن اسمبلی کی صحت کے لئے نیک خواہشات اور جلد صحت یابی کی دعا کی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے رکن اسمبلی کو پھولوں کا گلدستہ بھی بھجوایا ہے۔
دوسری جانب نواز شریف کے وکیل اور سابق ایڈووکیٹ جنرل خواجہ حارث کو کورونا ہوگیا ہے، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ خواجہ حارث نے اپنا کرونا ٹیسٹ کرایا اور مثبت آنے پر گھر پر قرنطینہ کرلیا۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل نے ماہر قانون خواجہ حارث سے ٹیلی فون پر اُن کی خیریت معلوم کی اور اُن کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
کورونا کی دوسری لہر کی وجہ سے دوبارہ حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں اور ماسک کے بغیر ہائیکورٹ اور عدالتوں میں داخلے کی اجازت نہیں ۔ کورونا کی وجہ سے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ اور پنجاب کی ماتحت کے جج بھی اس عالمی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔