ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور:روٹری پارکنگ سسٹم کمپنی کیلئے سفید ہاتھی بن گیا

لاہور:روٹری پارکنگ سسٹم کمپنی کیلئے سفید ہاتھی بن گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل:لاہور میں پارکنگ مسائل کے حل کے لیے نصب کیا گیا روٹری پارکنگ سسٹم اب پارکنگ کمپنی کے لیے سفید ہاتھی ثابت ہو رہا ہے۔ 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی مشینری سے حاصل ہونے والی ماہانہ آمدن صرف 33 ہزار روپے رہ گئی ہے، جبکہ ان مشینوں پر 20 سے 25 لاکھ روپے ماہانہ اخراجات آ رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، ایک روٹری مشین کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے، لیکن اس میں صرف 12 گاڑیوں کی پارکنگ گنجائش موجود ہے۔ ان مشینوں کو چلانے کے لیے دو ورکرز، بجلی، جنریٹرز، ایندھن اور دیکھ بھال جیسے عوامل میں لاکھوں روپے ماہانہ خرچ ہو رہے ہیں۔

ڈی سی آفس، اچھرہ، سروسز ہسپتال، اور ہائیکورٹ میں نصب روٹری مشینوں سے کوئی آمدن حاصل نہیں ہو رہی، جب کہ اولڈ پی اینڈ ڈی کی مشین تعمیراتی کام کے باعث غیر فعال ہے۔ صرف میو ہسپتال میں نصب مشین سے ماہانہ آمدن 33 ہزار روپے ہے، جو پورے نظام کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

شہری حلقوں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ مہنگے روٹری سسٹمز کے بجائے سادہ اور زمینی حقائق پر مبنی پارکنگ منصوبوں پر سرمایہ کاری کی جانی چاہیے، تاکہ عوامی پیسے کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔