سٹی 42: بلوچستان میں پھر دہشتگردی ،پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے دو مختلف واقعات مچھ اور کیچ کے علاقے میں پیش آئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مچھ میں گزشتہ رات دہشتگردوں نے ایف سی کی گاڑی پر آئی ای ڈی سے حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیچ میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی امداد علی شہید ہوگئے جب کہ مچھ واقعےمیں 5 جوان اور ایک سویلین ڈرائیور شہید ہوا۔ مچھ میں شہید ہونے والوں میں نائب صوبیدار احسان اللہ، نائک زبیر خان، نائک اعجاز احمد، نائک مولا بخش، نائک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارتی فوج نے ایک بار پھر بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر معصوم شہری آبادی کو اپنی بلا اشتعال فائرنگ سے نشانہ بنایا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے کھوئی رتہ سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔ خود کار ہتھیاروں کی فائرنگ سے گاؤں ججوٹ میں معصوم شہری شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی شہری کو قریبی طبی مرکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے آج جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ 17 مئی کو کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فائرنگ سے شہری زخمی ہوا، بھارتی فوج کی فائرنگ سے 37 سالہ محمد شفیع بھی زخمی ہوا، رواں سال بھارت اب تک جنگ بندی کی 1081 بار خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔عائشہ فاروقی کا کہنا تھا بھارتی فورسز مسلسل معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، بھارتی اشتعال انگزیزی خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، بھارت ایسی حرکتوں سے مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ، سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔