قیصر کھوکھر: محکمہ اوقاف نے لاہور میں چار اہم ترقیاتی سکیموں کی منظوری دے دی ہے جن کا مقصد مذہبی مقامات اور فلاحی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔
ذرائع کے مطابق اان منصوبوں میں دربار حضرت میاں میر اور اس سے ملحقہ مسجد کی بحالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق منصوبےمیں داتا دربار ہسپتال کی مرمت اور جدید طبی آلات کی خریداری شامل ہے، جہاں آنکھوں، سرجیکل، گائنی اور میڈیکل وارڈز کیلئے نیا سامان فراہم کیا جائے گا۔
مزید برآں ایشان شاہ دربار ریلوے سٹیشن کی تعمیر و مرمت بھی منصوبے کا حصہ ہےجبکہ زائرین کی سہولت کیلئے بادشاہی مسجد، داتا دربار، حضرت میاں میرؒ اور بی بی پاکدامن پر کافی ٹیبلز اور بکس فراہم کیے جائیں گے۔
یہ اقدامات حالیہ حکومتی پالیسی کے تحت کیے جا رہے ہیں جس کا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، جبکہ صوبہ بھر میں اوقاف کے زیر انتظام مقامات کی بہتری کیلئے مزید منصوبوں پر بھی غور جاری ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں محکمہ اوقاف پنجاب نے داتا دربار لاہور میں زیرِ زمین پارکنگ بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ کے مطابق یہ اقدام تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں کے باعث کیا گیا ہے، جن کے دوران پارکنگ کی عمارت کو توڑنے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔داتا دربار کی پارکنگ کا انتظام لاہور پارکنگ کمپنی کے سپرد ہے اور پارکنگ بند کرنے کا فیصلہ لاہور پارکنگ کمپنی اور داتا دربار انتظامیہ کے مشاورت سے کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پارکنگ کئی سال بعد نگران حکومت کے دوران دوبارہ کھولی گئی تھی، تاہم اب کمپلیکس کی توسیع اور تعمیراتی کاموں کے باعث اسے بند کیا جا رہا ہے۔