عابد چودھری: مصری شاہ کے علاقے میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نیلی بتی لگا کر گھومنے والے تین جعلی پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران مشکوک گاڑی کو چیک کیا گیا جس میں سوار ملزمان دانش، دانیال اور عبدالرشید نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے کی کوشش کی تاہم شناخت طلب کرنے پر زیادہ دیر تک پولیس کو دھوکہ نہ دے سکے۔
ایس پی سٹی کے مطابق گاڑی کی تلاشی لینے پر رائفل، گولیاں، قیمتی گھڑیاں اور موبائل فون برآمد ہوئے، جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا اور گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سب انسپکٹر منیب نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔
حالیہ دنوں میں بڑے شہروں خصوصاً لاہور میں جعلی اہلکار بن کر شہریوں کو لوٹنے کے واقعات کے پیش نظر پولیس نے چیکنگ مزید سخت کر دی ہے تاکہ ایسے عناصر کا خاتمہ کر کے عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔