سٹی 42: یوم پاکستان کے موقع پر تئیس مارچ بروز منگل کو پورے ملک میں عام تعطیل ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق تئیس مارچ بروز منگل تمام سرکاری اور غیر سرکاری ادارے بند رہیں گے۔ تعلیمی ادارے ،بازار اور مارکیٹس بھی بند رہیں گی۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ کے تحت بھی تمام دفاتر اور تمام ادارےبند ہوں گے۔ یوم پاکستان کے موقع پر محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی نے نو ٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
قبل ازیں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نےٹریفک ایڈوائزری بسلسلہ 23 مارچ پریڈ جاری کر دی جس کے مطابق ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (ایچ ٹی وی) کا اسلام آباد کیلئے داخلہ بند ہو گا۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے ٹریفک ایڈوائزری بسلسلہ 23 مارچ پریڈ جاری کر دی گئی۔ بسلسلہ مارچ پریڈ ہر قسم کی مال بردار ہیوی ٹرانسپورٹ وہیکلز (ایچ ٹی وی) کا اسلام آباد کیلئے داخلہ بند ہو گا۔ مارچ پریڈ 17، 19، 21 اور 23 مارچ کو رات 12 بجے سے دن 2 بجےتک مال بردار ایچ ٹی وی کا اسلام آباد کیلئےداخلہ بند ہو گا۔
موٹروے M-1 اور M-2 سے اسلام آباد کی جانب آنے والی مال بردار ایچ ٹی وی گاڑیوں کا داخلہ بند ہو گا۔قومی شاہراہ سے آنے والی مال بردار بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی اسلام آباد کیلئے بند ہوگا۔
خیال رہے کہ یوم پاکستان، پاکستان کی تاریخ کا بہت اہم دن ہے۔ اس دن، یعنی 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی۔ قرارداد پاکستان جس کی بنیاد پر مسلم لیگ نے برصغیر میں مسلمانوں کے جدا گانہ وطن کے حصول کے لیے تحریک شروع کی تھی اور سات برس کے بعد اپنا مطالبہ منظور کرانے میں کامیاب رہی۔ وہ مطالبہ جو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشے پر ابھرا۔ اس دن "23 مارچ" پورے پاکستان میں عام تعطیل ہوتی ہے۔