سول سیکرٹریٹ (قیصرکھوکھر) سول سیکرٹریٹ میں کورونا وائرس کا خوف، سرکاری ملازمین کی اکثریت کو رخصت پر بھیجنے پر غور، ذرائع کے مطابق صرف 30 فیصد سٹاف سے کام چلانے کی منصوبہ بندی کیلئے پالیسی بنائی جارہی ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر بیوروکریسی اور سول سیکرٹریٹ کے سٹاف میں بھی خوف وہراس پایا جا رہا ہے، سول سیکرٹریٹ میں کام کرنیوالے سٹاف کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے حکومت نے سرکاری دفاتر میں سٹاف کم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاتر میں صرف 30 فیصد سٹاف سے کام چلایا جائے گا جبکہ باقی سٹاف کو تین ہفتے کی رخصت پر بھیج دیا جائے گا, کسی بھی سرکاری ملازم کوکھانسی یا زکام ہونے کی صورت میں اسے فوری چھٹی دیدی جاتی ہے، پنجاب کے تمام سر کاری دفاتر میں عوام کاداخلہ بند بھی بند کردیا گیا۔
واضح رہےکہ چین میں تباہی پھیلانے والا وائرس دنیا کے 152 ممالک میں پھیل چکا ہے جس سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اب تک یہ وائرس 7 ہزار سے زائد افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، جبکہ ایک لاکھ98 ہزار ابھی بھی زندگی و موت کی کشمکش میں ہیں، اس خطرناک وائرس نے اب پاکستان میں قدم جما لیے، پاکستان میں کورونا سے 2 افراد ہلاک جبکہ 304افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو فیس ماسک استعمال کرنے، ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنے اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیا۔
شہری کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اللہ سے خیروعافیت کی دُعا کریں، بیماریوں سے پناہ مانگیں اور مندرجہ ذیل دُعا پڑھیں:
اَللّٰہُمَّ اِنّیِ اَعُُوذُبِکَ مِنَ البَرَصِ وَالجنونِ وَالجُذَامِ وَ مِن سَیِئی الا سقَام (آمین)
’’ ا ے اللہ! میں آپ کی پناہ مانگتا ہوں برص سے، دماغی خرابی سے، کوڑھ سے اور ہر قسم کی بُری بیماریوں سے۔‘‘