ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

غیرقانونی سموں کے نیٹ ورک کے خلاف این سی سی آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار

غیرقانونی سموں کے نیٹ ورک کے خلاف این سی سی آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، 5 ملزمان گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عرفان ملک:  این سی سی آئی اے نے غیرقانونی سموں کے نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے یزمان میں منظم گروہ کے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران غیرقانونی سموں کے اجرا میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک بے نقاب ہوا، جبکہ ایک کروڑ 5 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کر کے متاثرین کے حوالے کر دی گئی۔ گرفتار ملزمان میں ایک بینک ملازم اور موبائل فرنچائز کا اہلکار بھی شامل ہیں۔

تحقیقات کے دوران شناختی معلومات اور بائیومیٹرک ڈیٹا کے مبینہ غلط استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔ چھاپے کے دوران بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم (BVS)، سم اسکینرز، لیپ ٹاپس اور موبائل فونز قبضے میں لے لیے گئے۔

این سی سی آئی اے کے مطابق ڈیجیٹل فرانزک تجزیے سے غیرقانونی سرگرمیوں سے متعلق اہم شواہد حاصل ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان مناسب تصدیق کے بغیر سمیں جاری کرنے اور شناختی معلومات کے غلط استعمال میں ملوث پائے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے، جبکہ نیٹ ورک سے جڑے دیگر ممکنہ افراد کی تلاش بھی کی جا رہی ہے۔ ادارے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ اپنی شناختی اور بائیومیٹرک معلومات کے استعمال میں احتیاط برتیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔