سٹی 42: خیبرپختونخوا میں نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں اور کرکٹ کے فروغ کے لیے سیلیبریٹیز کرکٹ لیگ (CCL) کے انعقاد کی تجویز سامنے آ گئی ہے، جس کا مقصد ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو مواقع فراہم کرنے کے ساتھ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
منتظمین کے مطابق مجوزہ لیگ میں سوشل میڈیا کریئیٹرز، معروف شخصیات اور مقامی باصلاحیت کرکٹرز پر مشتمل چھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کے لیے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم کو ممکنہ وینیو قرار دیا گیا ہے، جبکہ انتظامی منظوری ملنے کی صورت میں لیگ کا انعقاد اکتوبر یا نومبر میں متوقع ہے۔
منصوبے سے وابستہ نوجوان کاروباری شخصیت، ڈیجیٹل کریئیٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر محمد انس کا کہنا ہے کہ اس لیگ کا مقصد صرف کرکٹ کا فروغ نہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں، قیادت، نظم و ضبط اور ذاتی ترقی کی جانب راغب کرنا بھی ہے۔
منتظمین کے مطابق محمد انس خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل خان آفریدی کے ساتھ مل کر اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لیگ کے ذریعے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور عملی سماجی سرگرمیوں کے درمیان رابطہ مضبوط ہوگا، جبکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا ایک نیا پلیٹ فارم بھی میسر آئے گا۔
منصوبے کے تحت ٹورنامنٹ کے ساتھ نوجوانوں کی تعلیم، سماجی ترقی اور مثبت سرگرمیوں سے متعلق مختلف آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صرف ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں بلکہ صوبے میں گراس روٹ کرکٹ کو مضبوط بنانا اور نئی ٹیلنٹ کی تلاش کو فروغ دینا ہے۔