ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اقوام متحدہ میں پاکستان کے ’فٹبال فار مینٹل ہیلتھ‘ پروگرام کو عالمی پذیرائی

اقوام متحدہ میں پاکستان کے ’فٹبال فار مینٹل ہیلتھ‘ پروگرام کو عالمی پذیرائی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: اقوام متحدہ نے پاکستان کے " فٹبال فار مینٹل ہیلتھ" اقدام کو نوجوانوں کی ذہنی صحت کے فروغ کے لیے ایک مؤثر اور مثالی منصوبہ قرار دیتے ہوئے عالمی سطح پر سراہا ہے۔

اسلام آباد میں جاری بیان کے مطابق اقوام متحدہ کے فورم "ون ورلڈ، ون گیم، ون گول: فٹبال بطور نوجوانوں کی ذہنی صحت اور فلاح کا ذریعہ" میں پاکستان فٹبال فیڈریشن (PFF) کے صدر سید محسن گیلانی نے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اس پروگرام کی کامیابیوں سے آگاہ کیا، جسے عالمی رہنماؤں، کھیلوں کے منتظمین اور نوجوانوں کے نمائندوں نے بھرپور پذیرائی دی۔

تقریب میں برازیل، انڈونیشیا، نائجیریا، انگلینڈ اور پاکستان سمیت مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جہاں فٹبال کو ذہنی صحت، سماجی شمولیت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مثبت معاشرتی تبدیلی کے مؤثر ذریعے کے طور پر زیر بحث لایا گیا۔

سید محسن گیلانی نے بتایا کہ اس پروگرام کے ذریعے پاکستان بھر میں ہزاروں بچوں تک ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پہنچائی گئی، 300 سے زائد یوتھ مینٹل ہیلتھ ایمبیسیڈرز کو تربیت دی گئی، جبکہ 80 سے زیادہ موجودہ اور سابق قومی فٹبالرز کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فٹبال فیڈریشن کی ذمہ داری صرف اچھے کھلاڑی تیار کرنا نہیں بلکہ صحت مند، ذمہ دار اور مضبوط شہریوں کی تربیت بھی ہے۔ ان کے مطابق اس منصوبے کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ اس نے عالمی سطح پر شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

تقریب میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نوجوانوں کی مثبت تربیت اور صحت مند طرز زندگی کے فروغ میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان میں تیار کیا گیا فیفا ورلڈ کپ کا آفیشل میچ بال "ٹریونڈا" بھی پیش کیا۔

پاکستانی وفد میں قومی ویمنز فٹسل ٹیم کی کھلاڑی سیبل فواد طارق بھی شامل تھیں، جنہوں نے نوجوانوں میں ذہنی صحت سے متعلق آگاہی اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کی نمائندگی کی۔