سٹی 42: لارڈز میں کھیلے جا رہے تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں اپنی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بنا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
میزبان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 387 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 388 رنز کا ہدف دے دیا۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز بین ڈکٹ اور جیکب بیتھل نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 192 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی، جو بھارت کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں انگلینڈ کی سب سے بڑی اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔
بین ڈکٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے، جبکہ جیکب بیتھل 91 رنز بنا کر سنچری سے محروم رہے۔
بعد ازاں جو روٹ نے ناقابل شکست 74 رنز اسکور کیے، جبکہ کپتان جوز بٹلر نے صرف 13 گیندوں پر 41 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 387 تک پہنچا دیا۔ ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
اس سے قبل بھارت کے خلاف انگلینڈ کا سب سے بڑا ون ڈے اسکور 350 رنز تھا، جو 2017 میں پونے میں بنایا گیا تھا، تاہم لارڈز میں 387 رنز بنا کر میزبان ٹیم نے اپنا نو برس پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
واضح رہے کہ تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے اور لارڈز میں کھیلا جانے والا یہ مقابلہ سیریز کے فاتح کا فیصلہ کرے گا۔