ارباز خان:وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی والدہ ساجدہ تارڑ نے ڈیفنس میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ رات اس وقت پیش آیا جب عطا اللہ تارڑ رات تقریباً 3 بجے گھر واپس آ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں وفاقی وزیر مکمل طور پر محفوظ رہے۔
ساجدہ تارڑ کے مطابق عطا اللہ تارڑ کی گاڑی کے قریب اچانک فائرنگ ہوئی، جس پر انہوں نے فوری طور پر ردعمل دیتے ہوئے مشتبہ گاڑی کا پیچھا کیا اور بیک وقت پولیس کو بھی اطلاع دی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق گرفتار نوجوان کا مقصد عطا اللہ تارڑ کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔ ان کے بقول ملزم غالباً نشے کی حالت میں تھا اور اسے اس بات کا علم نہیں تھا کہ جس گاڑی کے قریب وہ فائرنگ کر رہا ہے، اس میں وفاقی وزیر اطلاعات موجود ہیں۔
ساجدہ تارڑ نے مزید بتایا کہ واقعے کے وقت عطا اللہ تارڑ کی گاڑی میں کوئی سکیورٹی گارڈ بھی موجود نہیں تھا، تاہم خوش قسمتی سے وہ اس واقعے میں مکمل طور پر محفوظ رہے۔
انہوں نے پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بروقت اقدامات کے باعث ملزم کو جلد گرفتار کر لیا گیا، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ تمام حقائق سامنے لائے جا سکیں۔