ویب ڈیسک:پاکستان نے ایک ہی دن میں اسنوکر کے دو عالمی ٹائٹل اپنے نام کر لیے،اسنوکر کنگ محمد آصف اور نوجوان کیوئسٹ حسنین اختر نے دنیا کو پاکستان کی کیو گیمز میں برتری کا عملی ثبوت دے دیا۔ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کا اسنوکر کی دنیا پر راج ،ایک دن میں دو عالمی ٹائٹل جیت کر دنیا میں نئی تاریخ رقم کردی، ایک طرف تجربہ کار محمد آصف نے ایک بار پھر اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔
دوسری جانب نئی نسل کے ستارے حسنین اختر نے ملک کا نام روشن کر دیا، بحرین میں ہونے والی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ کے ماسٹرز کیٹیگری کے فائنل میں محمد آصف نے بھارت کے برجیش دامانی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کی۔
آصف نے 3 کے مقابلے میں 4 فریمز جیت کر بھارت کو فیصلہ کن دھچکا دیا، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے حسنین اختر کو مبارکباد دی۔کہا حسنین اختر نے پاکستان کا نام روشن کیا،ثابت کیاپاکستانی نوجوان انتہائی محنتی اور با صلاحیت ہیں۔
ادھر نوجوان پاکستانی کیوئسٹ محمد حسنین اختر نے انڈر17کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھائی، ویلز کے ریلی پاؤل کو یکطرفہ مقابلے میں 0-4 سے آؤٹ کلاس کر دیا۔حسنین اختر اس کیٹیگری کا ٹائٹل جیتنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ۔
دوسری جانب پاکستان نے بھارت کو شکست دیتے ہوئے ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا ۔
پاکستان نے سیمی فائنل میں بھارت کو0-3 سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹی ۔
پاکستان نے بھارت کو تین راونڈ ز میں 16-25 ، 19-25 ، 12-25 سے شکست دی ۔