ویب ڈیسک : رواں سال کھیلے جانے والے ایشیا کپ کا شیڈول منظر عام پر آگیا جس کے مطابق ٹورنامنٹ کا فائنل 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل کو موصول ہونے والے شیڈول کے مطابق ایشیا کپ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہی کھیلا جائے گا۔ اس ماڈل کے مطابق ٹورنامنٹ کے پہلے 4 میچز لاہور اور ملتان میں ہوں گے جبکہ سیمی فائنل اور فائنل سمیت بقیہ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔اس شیڈول میں بتایا گیا کہ ایشیا کپ کا پہلا میچ شیڈول کے مطابق 30 اگست کو پاکستان اور نیپال کے درمیان ملتان میں کھیلا جائے گا۔ 31 اگست کو سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں کینڈی میں ٹکرائیں گی جس کے بعد یکم ستمبر کو کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ کا پاک بھارت ٹاکرا 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر کینڈی میں کھیلا جائے گا۔ 3 ستمبر کو لاہور میں افغانستان اور بنگلادیش کا میچ ہوگا اور 4 ستمبر کو کینڈی میں بھارت اور نیپال کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق 5 ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں اتریں گی۔ گروپ میچز کے اختتام کے بعد سپر فور مرحلے کا آغاز 9 اور 10 ستمبر کو کینڈی میں ہوگا۔خیال رہے کہ ایشیا کپ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کریں گے۔