( عثمان خان)الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے بروقت انعقاد کے لیے قانون سازی کی سفارش کردی۔
الیکشن کمیشن نے سیکرٹری پارلیمانی امور کواس حوالے سے باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیاہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مراسلے میں لکھاہے کہ لوکل گورنمنٹس ملکی جمہوری نظام کا ایک اہم ستون ہیں جو مقامی سطح پر عوام کو سہولیات فراہم کرتی اور ان کے مسائل حل کرتی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے معاملے کو قومی اہمیت کا حامل سمجھتے ہوئے الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 219 میں ترمیم کے لیے حکومت کو سفارشات ارسال کیں جس کے مطابق مقامی حکومتوں کی مدت پوری ہونے یا تحلیل کی صورت میں نافذالعمل لوکل گورنمنٹ قوانین کے تحت بروقت انتخابات یقینی بنائے جائیں۔
مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ عموماً حکومتیں بلدیاتی انتخابات بروقت کرانے میں تاخیر کرتی ہیں، بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔