ملک اشرف : پی ٹی آئی کارکن عمران خان کی جانب سے اپنا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست،لاہور ہائیکورٹ نےامیگریشن اور ایف آئی اے سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس نواز مخدوم نے پی ٹی آئی کے کارکن عمران خان کی درخواست پر سماعت کی ، درخواستگزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جانا چاہتا ہے، تاہم ایف آئی اے نے اس کا نام پی سی ایل میں شامل کر رکھا ہے۔ وکیل کے مطابق درخواستگزار جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد تھا، مگر پولیس نے اسی کیس میں اسے بیگناہ قرار دیدیا ہے۔وکیل نے مزید بتایا کہ درخواستگزار کسی بھی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں اور اس کے باوجود اس کا نام پی سی ایل میں رکھا جانا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ درخواست گزار کا نام پی سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد امیگریشن حکام اور ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔