( شہزاد خان ابدالی ) شہرکی بزنس کمیونٹی نے تعمیراتی شعبے کو دیئے جانیوالے ریلیف پیکج میں ایک سال مزید توسیع دینے کا مطالبہ کردیا، تعمیراتی صنعت سے وابستہ کاروباری شخصیات اور لاہور چیمبر کے عہدیدار کہتے ہیں کورونا کے باعث ریلیف پیکج سے استفادہ نہیں کرسکے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کو دیئے جانیوالے ریلیف پیکج کی مدت اکتیس دسمبر دو ہزار بیس کو ختم ہوجائے گی۔ اس حوالے سے لاہور کی تعمیراتی شعبے سے وابستہ کاروباری شخصیات اور لاہور چیمبر کے قائدین نے ریلیف پیکج میں کم ازکم ایک سال مزید توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین ماربل انڈسٹری ایسوسی ایشن چودھری خادم حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تعمیراتی شعبے کو ریلیف پیکج دیئے جانے سے تعمیراتی صنعت اور اس سے وابستہ چالیس صنعتوں کو نئی زندگی ملی۔
لاہور چیمبر کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا کہ ریلیف پیکج میں توسیع سے تعمیراتی شعبے کیساتھ ملکی معیشت، معاشی نموکی رفتار بہتر ہوگی اور سرمایہ کاری بڑھے گی۔ سینئر نائب صدر ناصر حمید خان اور نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ وفاقی حکومت تعمیراتی شعبے کو دیئے جانیوالے ریلیف پیکج میں اکتیس دسمبر سے قبل توسیع کا اعلان کرے۔
بزنس کمیونٹی نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کو دیئے جانیوالے ریلیف پیکج سے گھر بنانے کے خواہشمندعام آدمی کو بھی فائدہ ہوا ہے۔