(راؤ دلشاد حسین) کتنی امداد ،کہاں سےآئی، اور کہاں تقسیم کی گئی؟ سب کچھ ون کلک پر معلوم ہوسکے گا، ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے فلنتھروپی سہولت ڈیش بورڈ تیار کرلیا، ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڑ کہتےہیں کہ فلاحی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنےکےلیے ڈیش بورڈ تیار کیا گیاہے۔
فلنتھروپی سہولت ڈیش بورڈ سےپی ڈی ایم اے کے پاس کورونا وائرس سے متعلق خیراتی اداروں ،مخیر حضرات سے ملنے والی مالی امداد کا مکمل ڈیٹا بیس موجود ہوگا۔ ریلیف کمشنربابرحیات تارڑ کاکہناہےکہ ڈیش بورڈ کی تشکیل کا بنیادی مقصد امداد کی مستحقین تک رسائی ہےکیونکہ عام طور پر سرکاری مشینری، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات ایک ہی علاقہ میں راشن تقسیم کرتے ہیں ، دوسرے علاقوں میں امداد نہیں پہنچ پاتی۔
انہوں نےکہاکہ راشن اور مالی امداد کی منصفانہ تقسیم کےلیے ڈیش بورڈ تیار کیاگیاہے، اسی وجہ سے فلاحی سرگرمیوں کو ڈپٹی کمشنرز کی اجازت سے مشروط کیاگیا۔
ریلیف کمشنرپنجاب نےکہاکہ احساس پروگرام کے تحت پہلی کیٹیگری میں چودہ لاکھ بارہ ہزارچار سو چھیاسی مستحقین کو مالی امداد دی جاچکی ہے، دوسری کیٹیگری کے تحت چار لاکھ تینیتس ہزار نو تیئس مستحقین کی مدد کی گئی۔
ریلیف کمشنر نے دعویٰ کیاکہ لاہور میں کفالت پروگرام کے فیز ون کے تحت اڑتیس ہزارایک سو چھیانوے مستحقین کو انچاس کروڑ چورانوے لاکھ کی رقم فراہم کی جاچکی ہے جبکہ دوسرے فیز میں اڑتیس ہزار تین پچاسی مستحقین کو چھیالیس کروڑ چھے لاکھ روپےفراہم کئے گئے۔