قیصر کھوکھر:محکمہ داخلہ کے فارن نیشنل سکیورٹی سیل کی مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو گرفتار کر کے وطن واپس بھجوانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 27 لاکھ 60 ہزار 653 افغان باشندوں کو وطن واپس بھجوایا جا چکا ہے، جبکہ پنجاب سے ایک لاکھ 42 ہزار 820 غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو واپس بھجوایا گیا ہے۔
کریک ڈاؤن کے دوران صوبہ بھر کے رہائشی علاقوں اور مارکیٹس کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ سینٹرز منتقل کیا جاتا ہے۔
محکمہ داخلہ کے مطابق پنجاب میں اس وقت 39 ہولڈنگ سینٹرز فعال ہیں، جہاں 213 افغان شہری موجود ہیں۔ ہولڈنگ سینٹرز میں عارضی رہائش، رجسٹریشن اور وطن واپسی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افغان باشندوں کو طورخم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کیا جاتا ہے۔ محکمہ داخلہ کے مطابق یہ اعداد و شمار حکومت پنجاب کی مؤثر حکمت عملی اور فعال انتظامی اقدامات کے عکاس ہیں۔
محکمہ داخلہ نے کہا ہے کہ افغان شہریوں کی واپسی کے قومی مشن میں تمام پاکستانیوں کا تعاون درکار ہے۔