ویب ڈیسک:گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے مہنگائی سے ستائے عوام کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں کمی کی خبر دے دی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے عالمی سرمایہ کاروں نے واشنگٹن میں ملاقات کی، جو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان میں مجموعی معاشی استحکام آ چکا ہے اور سرمایہ کاری و اقتصادی ترقی کے لیے سازگار ماحول تیار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں مہنگائی میں نمایاں کمی ہوئی ہے، جو اب کم ہو کر 5.6 فیصد پر آ چکی ہے، آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں مزید کمی کا امکان ہے۔
جمیل احمد کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب کے باوجود درمیانی مدت میں مہنگائی 5 سے 7 فیصد کے درمیان مستحکم رہنے کی توقع ہے، جب کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر فروری 2023 کے مقابلے میں تقریباً پانچ گنا بڑھ چکے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ قدرتی آفات کے باوجود پاکستان کی جی ڈی پی نمو گزشتہ سال سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، جو ملکی معیشت کی بحالی اور پالیسی اصلاحات کا مظہر ہے۔