ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے شوکت ترین کو مشیر خزانہ وریونیومقررکردیا ہے، اور شوکت ترین کو وفاقی وزیر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ایڈوائس پر صدر مملکت عارف علوی نے شوکت ترین کی بطور مشیر خزانہ تعیناتی کردی ہے اور کابینہ ڈویژن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
شوکت کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن چھٹی کے دن اتوار 17 اکتوبر کو جاری کیا گیا ہے۔ شوکت ترین کی بطور وفاقی وزیر مدت 16 اکتوبر کو ختم ہوگئی تھی۔
یادرہے شوکت ترین جب تک دوبارہ وفاقی وزیر خزانہ نہیں بنتے اس وقت تک ای سی سی اجلاسوں کی صدارت نہیں کرسکیں گے اور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق مشیر خزانہ شوکت ترین کابینہ کی دیگر کمیٹیوں کی صدارت بھی نہیں کرسکتے۔بکہ کابینہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھی انہیں وزیراعظم کی خصوصی اجازت درکار ہوگی۔
آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت غیر منتخب شخص 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے تاہم کابینہ میں رہنے کے لیے غیرمنتخب شخص کو سینیٹر یا قومی اسمبلی کا رکن بننا ضروری ہے بصورت دیگر 6 ماہ بعد وہ کابینہ میں نہیں رہے گا۔اس سے قبل حفیظ شیخ بھی غیرمنتخب وزیر خزانہ تھے جنہیں سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔