علی ساہی: آئی جی پنجاب نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی فول پروف بنانے کے لیے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز کو تفصیلی مراسلہ جاری کر دیا ہے، جس میں سکیورٹی انتظامات مزید بہتر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
مراسلے کے مطابق تعلیمی اداروں کی حدود میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر فوری پابندی عائد کرنے اور اس مقصد کیلئے کنٹرول رومز کے قیام کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسکول اسٹاف اور طلبا کی حاضری محفوظ بنانے کے لیے بائیومیٹرک نظام رائج کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
سکیورٹی مانیٹرنگ کے حوالے سے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں سی سی ٹی وی کیمرے اور جدید سکینرز نصب کیے جائیں، جبکہ طلبا کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کے لیے فائر وال اور اینٹی وائرس سافٹ ویئر کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب کے مراسلے میں وزیٹرز کے مکمل ڈیٹا، شناخت، چیکنگ اور پاسز کے نظام کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی خواتین اور مرد وزیٹرز کی مکمل تلاشی اور اداروں میں تربیت یافتہ سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی ضروری قرار دی گئی ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں انٹرکام سسٹم لازمی فعال ہو، جبکہ حساس مقامات کی نگرانی کیلئے ڈرون مانیٹرنگ اور اضافی پولیس گشت بھی تعینات کیا جائے۔ طلبا اور وی وی آئی پیز کے لیے منفصل پارکنگ ایریاز قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
آئی جی پنجاب نے تمام متعلقہ پولیس افسران کو تاکید کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں چار درجے کی سکیورٹی یقینی بنائی جائے اور اسکول سربراہان کے ساتھ باقاعدہ میٹنگز منعقد کی جائیں، تاکہ سکیورٹی انتظامات پر مکمل عمل درآمد یقینی ہو سکے۔