سٹی42: لاہور کے علاقے کاہنہ میں پولیس نے موٹر سائیکل چوری کے ایک گروہ کو گرفتار کرلیا جو چوری شدہ موٹر سائیکلوں کو مختلف طریقوں سے نیا بنا کر فروخت کرتا تھا۔
پولیس کے مطابق کاہنہ چوکی صوئے اصل نے چھوٹے صوئے کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک مکینک اور اس کے ساتھی کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان چوری کی گئی موٹر سائیکلوں کے پارٹس اتار کر انہیں پرانی اور خراب حالت کی موٹر سائیکلوں پر نصب کرتے تھے تاکہ انہیں بہتر حالت میں فروخت کیا جا سکے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن کے مطابق ملزمان انجن نمبر اور چیسز نمبر کی ٹمپرنگ کرتے تھے تاکہ چوری شدہ گاڑیوں کو قانونی شکل دی جا سکے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکلیں، 7 عدد چیسیز، 5 موٹر سائیکل ٹینکیاں، 2 پستول، انجن، ہیڈ لائٹس اور دیگر پارٹس برآمد کر لیے ہیں۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔