شفقت محمود نے پاکستان کے سیاسی و معاشی بحران کا حل بتا دیا

شفقت محمود نے پاکستان کے سیاسی و معاشی بحران کا حل بتا دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ لنگڑی حکومت کہتی ہے ہم مزید دوسال حکومت چلائیں گے، مجھے بتائیں دو ماہ میں آپ نے کیا کر لیا ؟عوام کا بچہ بچہ ان کو جانتا ہے کہ یہ سب لٹیرے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور اور ایم پی اے و سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی پنجاب مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل کا سپریم کورٹ کا فیصلہ جمہوری تاریخ میں ایک اہم موڑ ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، جمہوریت آگے نہیں چل سکتی اگر اراکین اسمبلی اپنی مرضی کے فیصلوں پر چلیں۔

انہوں نے کہا کہ کل کے فیصلے کے بعد جو ووٹ آئین کے مطابق نہیں دے گا وہ غدار ہے،آئین کی دھجیاں اڑا کر جس طرح اراکین کو پیسوں سےبھری بوریاں دے کر خریدا  گیا وہ قابل قبول نہیں، عوام جانتی ہے کہ یہ اراکین لوٹے ، منحرف اور بھگوڑے ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنمانے کہا کہ الیکشن کمیشن کس طرح کا رویہ اپنا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے جبکہ منحرف اراکین سے متعلق عوامی رد عمل کو سب نے دیکھا، پنجاب اسمبلی کے منحرف اراکین تو ووٹ بھی کاسٹ کر چکے ہیں اور منحرف اراکین کے ووٹ کاسٹ کرنے کے باوجود قانون ڈھونڈا جا رہا ہے،چیف الیکشن کمیشن تک یہ ساری خبر کیوں نہیں پہنچتی۔

شفقت محمود نے کہا کہ ہماری حکومت میں مانتاہوں پٹرول کی قیمتیں  اور مہنگائی ہو رہی تھی لیکن دوسری جانب انڈسٹری بھی تو کھڑی ہو رہی تھی،اب پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی ہے، ڈالر کا ریٹ 200 روپے تک پہنچ گیا،  ہماری حکومت میں سٹاک مارکیٹ کی شرح بلند تھی ۔

انہوں نےکہا کہ شہباز شریف بری طرح بری طرح ایکسپوز ہو گیا ہے ، لوگ جان چکے ہیں کہ یہ سب نا اہل ہیں،پاکستان کا سیاسی و معاشی بحران دن بدن بڑھتا چلا جارہاہے،ان سب کا حل بس ایک یہ ہی ہے کہ انتخابات کروائے جائیں، نئی حکومت اس مشکل میں پاکستان کے روشن مستقبل کےلیے فیصلہ کرسکتی ہے۔