سٹی42: ٹرانسپورٹرز تحفظات کامعاملہ،وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پبلک ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہونے کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کامسئلہ ٹرانسپورٹرز سے دوبارہ بات کرکےحل کردیاجائے گا، ٹرانسپورٹرز کے تحفظات کاجائزہ لیاجائے گا ، حکومت ہر شعبے کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے ، ایس او پیز مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے اپنے مفاد میں ہیں۔
دوسری جانب ٹرانسپورٹرز نے گاڑیاں چلانے سے انکار کردیا ہے، شہر کے بڑے بس اڈے بند ہو گئے، لاہورٹرانسپورٹرز نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک تمام شہروں کے لیے بسیں بند رہیں گی۔ پنجاب میں ٹرانسپورٹرز دو دھڑوں میں تقسیم ہوگئے۔ انصاف ٹرانسپورٹ فیڈریشن پنجاب نے ٹرانسپورٹ چلادی،رات ایس اوپیز کے تحت ٹرانسپورٹ چلانے کے اعلان کے بعد لاہورلاری اڈہ سے بسیں اسلام آباد اور دیگرشہروں کے لئے روانہ ہوگئیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزلاہور سمیت پنجاب بھر میں انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا تھا، نوٹیفکیشن کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ حفاظتی ایس او پیز کے مطابق ہفتے کے 7 روز راؤنڈ دی کلاک چلانے کی اجازت ہو گی، اے سی بسز کےکرائےمیں 20 فیصد جبکہ نان اے سی میں 93 پیسے فی کلو میٹر رعایت ہوگی، بسوں میں تین فٹ کا سماجی فاصلہ یقینی بنایا جائے۔
دو دروازوں والی بسوں میں مسافر ایک دروازے سے داخل ہوں جبکہ دوسرے دروازے سے باہر نکلیں، ٹرپ پورا ہونے پر بسوں کو ڈس انفیکشن سپرے کیا جائے اور بسوں میں سوار ہونے سے قبل ہینڈ سینیٹائزر اور فیس ماسک کا استعمال یقینی بنایا جائے، تھرمل مشین سے بخار چیک کیا جائے، بخار اور کھانسی والے مسافر کو بسوں میں سوار نہ ہونے دیا جائے۔
65 سال سے زائد عمر والے مسافر کی ساتھ والی سیٹ کو خالی رکھا جائے ،کرایہ اکٹھاکرنے کے لیے ایک مخصوص بکسہ بنوایا جائے جس میں کرایہ ہر مسافر خود ڈالے ،تمام ڈرائیور ،کنڈکٹر ذور دیگر سٹاف ماسک کا استعمال یقینی بنائیں ذور بس میں سوار ہونے سے قبل بخار چیک کیا جائے،بس ٹرمنلز پر موجود تمام واش رومز میں ہینڈ سینٹائزر اور صابن کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،انتظار گاہ اور ٹرمنل کے مختلف حصوں میں کلورین سپرے یقینی بنایا جائے۔