ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سابق سیکرٹری لاہور ریجن میاں جاوید علی مرحوم کا آزاد گروپ ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگیا

سابق سیکرٹری لاہور ریجن میاں جاوید علی مرحوم کا آزاد گروپ ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حافظ شہباز علی : لاہور ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن میں سابق سیکرٹری لاہور ریجن میاں جاوید علی مرحوم کا آزاد گروپ ایک مرتبہ پھر متحرک ہوگیا.

سینئر کرکٹ آرگنائزر ملک اسلم ڈوگر ، صدر ایسٹ زون بلال مقیت اور واصف زمان کی سربراہی میں آزاد گروپ دوبارہ فعال ہو گیا. لاہور شہر کی معروف سماجی شخصیت میاں سعید ڈیرے والا اور میاں عامر جاوید علی نے آزاد گروپ کی بھرپور سرپرستی کرنے کا اعلان کردیا۔ لاہور ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن سے ملحقہ 25سے  زائد کلبز کے صدور نے آزاد گروپ میں شمولیت اختیار کرلی۔

صدر ایسٹ زون کرکٹ ایسوسی ایشن بلال مقیت اور سینئر کرکٹ آرگنائزر واصف زمان نے مقامی ریسٹورنٹ میں آزاد گروپ کے اراکین کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔ افطار ڈنر کے بعد ہونے والے اجلاس میں زون کی 25 سے زائد کلبز نے ملک اسلم ڈوگر، بلال مقیت اور واصف زمان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس سے خطاب میں صدر ایسٹ زون بلال مقیت کا کہنا تھا کہ ہماری کسی کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں ہے کچھ معاملات پر اختلاف ضرور ہے اور یہ اختلاف اصولی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں زیادہ سے زیادہ کرکٹ کروانے کی کوشش کی ہے اور ہم اس میں بڑی حد تک کامیاب بھی ہوئے ہیں کوشش ہوگی کہ میاں جاوید علی مرحوم کے ویژن اور مشن کو لے کر آگے چلیں اورلاہور اور خاص طور پر ایسٹ زون کی کرکٹ کے وقار کو بحال کروایا جائے ۔ بھرپور ساتھ دینے پر بلال مقیت نے تمام کلبز کے صدور اور نمائندگان خاص طور پر جلو کی تمام کلبز  کاشکریہ ادا کیا۔

سینئیر کرکٹ آرگنائزر واصف زمان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کرکٹ کو  اپنے مقاصد پورے کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں جس کا نقصان باصلاحیت کھلاڑیوں کو پہنچتاہے ہماری کسی کے ساتھ کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے بلکہ ہمارا مقصد ایسٹ زون کی عزت و وقار کی بحالی اور ہمارے باصلاحیت کھلاڑیوں کے حقوق کا حصول ہے اور اس مقصد کے لیے ہم سب کو مل کر اقدامات کرنا ہوں گے ۔

کرکٹ آرگنائزر شہباز علی کا کہنا تھا کہ میاں جاوید علی مرحوم نے ایسٹ زون کی عزت و توقیر کی بحالی کے لئے جو مشن شروع کیا تھا آزاد گروپ اسی مشن کو لے کر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سال میں بلال مقیت کی سربراہی میں ایسٹ زون میں ریکارڈ کرکٹ کروائی گئی ہے مگر بد قسمتی سے زون کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو حیلوں بہانوں سے نظر انداز کیا گیا ہے۔ اپنی زندگیاں کرکٹ کے لیے وقف کرنے والے آرگنائزرز کی عزت و وقار بحالی سب سے اہم ہے۔

سینیئر کرکٹ آرگنائزر بابا خورشید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریجن کی سطح پر ایسٹ زون کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حلق تلفی مایوس کن ہے  یہاں تک کہ سینیر انٹر ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹس میں ٹاپ کرنے والے ایسٹ زون کے کھلاڑیوں کو بھی بغیر کسی وجہ کے نظر انداز کیا گیا جس سے کئی نوجوان کھلاڑیوں نے کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔انہوں نے کہا کہ آزاد گروپ نے ریجن کے موجودہ صدر کو تین مرتبہ ریجنل صدر منتخب کروایا مگر ہر مرتبہ اپنے انتخاب کے بعد انہوں نے ایسٹ زون سے ملحقہ کلبز اور کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا جوکہ انتہائی افسوس ناک امر ہے ۔ ہم آزاد گروپ کے پلیٹ سے ملک اسلم ڈوگر، بلال مقیت اور واصف زمان کو بھرپور سپورٹ کی یقین دہانی کرواتے ہیں ۔

 کرکٹ آرگنائزر احمد دین نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ ایسٹ زون کی موجودہ باڈی نے جتنی کرکٹ کروائی ہے اس کی پچھلے دس پندرہ سال میں کوئی مثال نہیں ملتی مگر بد قسمتی سے ایسٹ زون کے کھلاڑیوں کو لاہور ریجن کےلیول پر مناسب مواقع نہیں ملے جو کہ افسوسناک امر ہے ۔انہوں نے کہا ایسٹ زون کے کرکٹ آرگنائزرز کے عزت و وقار کی بحالی کے لیے آزاد گروپ کے پلیٹ فارم سے بھرپور کوشش کی جائے گی جلو کے علاقے سے تعلق رکھنے والی تمام کلبز بلال مقیت، واصف زمان اور تمام ساتھیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتی ہے ۔

کرکٹ آرگنائزر سجاد بٹ نے کہا کہ ہم بلال مقیت کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں جس طرح بلال مقیت اور ان کی ٹیم نے ایسٹ زون میں کرکٹ کروائی ہے اس پر ہم بلال مقیت اور ان کی ٹیم کے مشکور ہیں اور ان کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہیں، کرکٹ آرگنائزر ملک ریاض کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ جس طرح میاں جاوید علی مرحوم کی سربراہی میں آزاد گروپ نے کرکٹ کے فروغ کے لئے اقدامات کیے تو قع ہے کہ بلال مقیت واصف زمان اور تمام ساتھی ایسٹ زون اور لاہور کرکٹ کی بہتری کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریجن کی سطح پر ایسٹ زون کے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حق تلفی کی گئی ہے جو کہ افسوس ناک امر ہے ۔

کرکٹ آرگنائزر سلمان قادر ، آفتاب انور ،عابد ذوالفقار، عامر بٹ اور دیگر نے ایسٹ زون کے کھلاڑیوں کو نظر انداز کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زون کی کرکٹ کے عزت و تکریم کی بحالی کے لیے ملک اسلم ڈوگر،بلال مقیت ،واصف زمان اور تمام ٹیم کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا وہ کلب ، زون اور لاہور کرکٹ کی بہتری کے لیے اپنا کردار نبھائیں گے۔