ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر ،مختلف علاقوں میں بجلی بند

بارش سے لیسکو کا ترسیلی نظام متاثر ،مختلف علاقوں میں بجلی بند
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

شاہد ندیم سپرا:شہر میں جاری بارش کے باعث لیسکو کے ترسیلی نظام پر اثر پڑنا شروع ہو گیا ہے۔ کمپنی کے متعدد فیڈرز پر ٹرپنگ کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

لیسکو کے مطابق سسٹم میں فنی و تکنیکی خرابیاں پیدا ہونے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی بند ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں ٹرانسفارمرز میں خرابیوں کے باعث بھی بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے صارفین کی جانب سے انفرادی شکایات میں اضافہ ہوا ہے، اور لائن سٹاف کو مرمتی کام کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔

لیسکو نے مرمتی کام کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں پرمٹ پر بجلی بند کر دی تاکہ عملہ محفوظ طریقے سے مرمتی کام انجام دے سکے اور نظام کی بحالی جلد ممکن ہو سکے۔ 

 واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 20 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث موسم مزید خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

دوسری جانب  لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، رحیم یارخان، جہلم، بورے والا، گوجرہ، جہانیاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت کئی شہروں میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی طرح صوبۂ خیبر پختون خوا کے شہر بنوں، صوابی، نوشہرہ، ٹانک، کرک اور جنوبی وزیرستان کے علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبہ بلوچستان کے علاقے چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، چاغی، نوکنڈی، دالبندین، توبہ اچکزئی اور مستونگ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے۔

آزاد کشمیر کے بھمبر، کوٹلی اور آٹھ مقام سمیت زیریں و بالائی علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔