عثمان خادم:عیدالفطر اپنوں کے ساتھ منانے کے لیے ملک بھر سے پردیسی شہری واپس اپنے آبائی شہروں پہنچ رہے ہیں، جس کے باعث شہر کے تمام بس اڈوں پر شدید رش دیکھنے میں آیا ہے۔
سٹی بس ٹرمینل اور بند روڈ کے مختلف بس اڈوں پر مسافروں کی غیر معمولی گہما گہمی ریکارڈ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے سبب بس ٹکٹ مہنگے ہو گئے ہیں، جبکہ بس اڈے تک آنے جانے کے لیے ٹیکسی اور رکشہ کے کرائے بھی بڑھ گئے ہیں۔
بس اڈوں پر 29 ویں روزے اور چاند رات کے لیے تمام ٹکٹوں کی بکنگ مکمل ہو چکی ہے، جس سے بند روڈ پر کئی بس اڈے ہونے کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک پر مسلسل دباؤ ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے سٹی بس ٹرمینل پر مسافروں کی شکایات کے لیے شکایت سیل قائم کیا ہے، جہاں مسافر ٹرانسپورٹ سٹاف کے رویے یا اوورچارجنگ کی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
مسافروں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن 1071 بھی فعال ہے تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات یا مسائل کی فوری شکایت کی جا سکے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عید کے موقع پر مقررہ کرایوں سے زائد وصولی کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع میں مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنرز کو کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے، جبکہ زائد کرایہ وصولی اور ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ روکنے کے لیے فیلڈ میں مسلسل چیکنگ کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔