علی ساہی:پنجاب حکومت نے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت آن روڈ اور ورچوئل کارڈ کے ذریعے لائسنس حاصل کرنا ممکن ہو جائے گا۔
لاہور کے چیف ٹریفک آفیسر سی ٹی اولاہور نے اعلان کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار اب کسی بھی مقام سے آن روڈ ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکیں گے، جس سے شہریوں کو ڈرائیونگ ٹیسٹنگ سنٹرز کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
چیف ٹریفک آفیسر کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل لائسنس کے علاوہ تمام لائسنسز کا ورچوئل کارڈ جاری کیا جائے گا، اور ون ایپ استعمال کرنے والے ہر وارڈن کو لائسنس اجرا کرنے کی اتھارٹی دی جائے گی۔ بائیکرز کو صرف آن روڈ اپنا کوائف فیڈ کروانا ہوگا، فیس ادا کرنی ہوگی اور لائسنس حاصل کیا جا سکے گا۔
ڈاکٹر اطہروحید کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں 16 سال کے بچوں کے لیے بھی لائسنس کا اجرا شروع کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو قانونی ڈرائیونگ کی سہولت فراہم کی جا سکے،ورچوئل کارڈز کے اجرا سے حکومت کو سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی، اور فزیکل کارڈ کی بجائے ون ایپ میں آئی ڈی کارڈ نمبر ڈالنے پر تمام ڈیٹا فوری طور پر دستیاب ہوگا۔
مزید برآں، لائسنس کے اجرا اور ورچوئل کارڈز کے آغاز سے متعلق سمری آئی جی پنجاب کو بھی بھجوا دی گئی ہے تاکہ صوبے بھر میں اس سہولت کو تیزی سے نافذ کیا جا سکے۔