فاران یامین :لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کے باعث موسم خوشگوار اور سرد ہو گیا ہے۔
جیل روڈ، گلبرگ، ظہور الٰہی روڈ اور فیروزپور روڈ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔
مزنگ، سمن آباد اور اقبال ٹاؤن میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، جس سے سردی میں مزید اضافہ محسوس کیا جا رہا ہے اور شہری خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس وقت شہر میں 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو موسم کو مزید خوشگوار بنا رہی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بدلتے موسم کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔