ویب ڈیسک: پاکستان پہلی بار مس ورلڈ کے عالمی مقابلے میں شرکت کرنے جا رہا ہے، جہاں مس ورلڈ پاکستان 2026ء انیقہ معراج ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے تاریخ رقم کریں گی۔ ان کی شرکت کو عالمی سطح پر پاکستان کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
انیقہ معراج رواں سال ویتنام میں منعقد ہونے والے مس ورلڈ فیسٹیول کے 75ویں سالگرہ ایڈیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ مس ورلڈ انتظامیہ کے مطابق یہ عالمی مقابلہ 9 اگست سے 5 ستمبر تک ویتنام میں منعقد ہوگا، جبکہ مس ورلڈ کی تاریخ میں پاکستان پہلی مرتبہ اس ایونٹ کا حصہ بنے گا۔
24 سالہ انیقہ معراج بزنس اور اکنامکس میں گریجویٹ ہیں اور اکاؤنٹنگ و آڈٹنگ ان کی تعلیمی مہارت کا شعبہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں اسٹیٹ آتھرائزڈ پبلک اکاؤنٹنٹ بننا چاہتی ہیں، جبکہ بچوں کے حقوق اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے بھی فعال کردار ادا کرنے کا عزم رکھتی ہیں تاکہ پاکستان کے بہتر مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔

انیقہ معراج کی تاج پوشی کی تقریب حال ہی میں لاہور کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022ء ڈاکٹر شفق اختر اور مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللہ گجر نے انہیں تاج پہنایا۔
مس پاکستان ورلڈ کے مطابق انیقہ معراج بین الاقوامی بیوٹی مقابلوں کا وسیع تجربہ رکھتی ہیں۔ وہ اب تک چھ عالمی مقابلوں میں شرکت کر چکی ہیں اور چار اعزازات اپنے نام کر چکی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 26 سالہ مریم محمد مس یونیورس مقابلے میں متحدہ عرب امارات کی نمائندگی کریں گی، جبکہ اس سے قبل ایریکا رابن اور روما ریاض بھی مختلف عالمی مقابلۂ حسن میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ویتنام میں ہونے والے مس ورلڈ مقابلے میں انیقہ معراج کی شرکت عالمی سطح پر پاکستان کی موجودگی کو مزید نمایاں کرے گی اور یہ ملک کے لیے ایک تاریخی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔