ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

بھارت میں 10 اور 20 روپے کے نوٹ کیوں بدلے جا رہے ہیں؟وجہ سامنے آ گئی

بھارت میں 10 اور 20 روپے کے نوٹ کیوں بدلے جا رہے ہیں؟وجہ سامنے آ گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:بھارت اپنے کرنسی نظام میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی جانب پیش رفت کر رہا ہے، جہاں بھارتی ریزرو بینک (آر بی آئی) نے پولیمر سے تیار کردہ کرنسی نوٹوں کے اجراء کے لیے ابتدائی عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ آزمائشی مرحلے میں 10 اور 20 روپے کے نوٹ شامل کیے جا سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آر بی آئی نے پولیمر نوٹوں کی تیاری کے لیے درکار خام مال فراہم کرنے والی عالمی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ اقدام ایک پائلٹ منصوبے کا حصہ ہے، جس کے نتائج کی روشنی میں مستقبل میں دیگر مالیت کے نوٹ بھی پولیمر پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

بھارتی ریزرو بینک کی ذیلی کمپنی بھارتی ریزرو بینک نوٹ مدرن پرائیویٹ لمیٹڈ نے دنیا بھر کے سپلائرز سے جدید پولیمر شیٹس کی فراہمی میں دلچسپی ظاہر کرنے کی درخواست کی ہے۔ ان شیٹس میں جدید حفاظتی خصوصیات شامل ہوں گی تاکہ کرنسی کو جعل سازی سے زیادہ مؤثر انداز میں محفوظ بنایا جا سکے۔

مجوزہ پولیمر نوٹوں میں شفاف ونڈو، دھاتی نمبر، مقناطیسی سیکیورٹی تھریڈ، پوشیدہ تصاویر اور خصوصی روشنی میں نمایاں ہونے والے حفاظتی ڈیزائن جیسی جدید خصوصیات شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ان نوٹوں کی چھپائی بھارت کے مخصوص کرنسی پرنٹنگ مراکز میں کی جائے گی۔

ریزرو بینک کے جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق اگر آزمائشی منصوبہ کامیاب ثابت ہوا تو مستقبل میں زیادہ مالیت کے نوٹ بھی پولیمر سے تیار کیے جا سکتے ہیں، تاہم مرکزی بینک نے ابھی تک باضابطہ طور پر یہ نہیں بتایا کہ پائلٹ مرحلے میں کون سی مالیت کے نوٹ شامل کیے جائیں گے۔

ماہرین کے مطابق پولیمر نوٹ روایتی کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار ہوتے ہیں، کیونکہ یہ پانی، نمی اور روزمرہ استعمال سے نسبتاً کم متاثر ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان میں جدید حفاظتی فیچرز شامل کیے جا سکتے ہیں، جس سے جعل سازی کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

فی الحال یہ واضح نہیں کہ یہ نئے نوٹ عوام کو کب تک دستیاب ہوں گے، تاہم اگر آزمائشی مرحلہ کامیاب رہا تو یہ اقدام بھارت کے کرنسی نظام میں ایک بڑی تبدیلی ثابت ہو سکتا ہے۔