طاہر جمیل:ستھرا پنجاب ایجنسی کی آپریشن ٹیمیں شہر بھر کے عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کے لیے متحرک ہیں، جہاں اوور ہیڈ بریجز، فٹ پاتھ، روڈ ڈیوائیڈرز اور دیگر مقامات کی واشنگ اور صفائی کا عمل جاری ہے۔
ترجمان ستھرا پنجاب کے مطابق بس سٹاپس، بس ٹرمینلز، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام اہم شاہراہوں اور کمرشل مارکیٹس میں مکینیکل اور مینوئل سویپنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق شہر کی صفائی کے لیے مکینیکل سویپنگ اور واشنگ ایکٹیویٹیز دن اور رات کی شفٹوں میں انجام دی جا رہی ہیں۔ مین بلیوارڈز پر موجود یو ٹرنز اور سروس لینز پر بھی مینوئل سکریپنگ اور مکینیکل سویپنگ کا عمل جاری ہے۔
ستھرا پنجاب ایجنسی کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 950 کلومیٹر سے زائد مکینیکل سویپنگ جبکہ 150 کلومیٹر سے زائد مکینیکل واشنگ مکمل کی جا رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے صفائی آپریشن کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے اور عوامی مقامات کی صفائی و خوبصورتی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔