ارباز خان، حسن علی: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد شہریوں اور چنگچی رکشہ ڈرائیورز نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
چنگچی رکشہ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ پٹرول مہنگا ہونے سے ان کے روزگار پر براہِ راست منفی اثر پڑا ہے۔ ان کے مطابق ایندھن کے بڑھتے اخراجات کے مقابلے میں آمدن میں اضافہ نہیں ہو رہا، جس کے باعث گھر کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ ڈرائیورز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمتوں میں کمی یا کسی ریلیف پیکیج کا اعلان کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آسکے۔
دوسری جانب شہریوں نے بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے مہنگائی کی نئی لہر آئے گی اور روزمرہ استعمال کی اشیا سمیت ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکسوں میں کمی کی جائے تاکہ عوام پر مالی بوجھ کم ہو۔ ان کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہر شعبے کو متاثر کرتا ہے اور اس کے اثرات بالآخر عام آدمی کو ہی برداشت کرنا پڑتے ہیں۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ میں کمی لائی جا سکے۔