طاہر جمیل: کمشنر لاہور ڈویژن نعمان یوسف نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس کو اشیائے خور و نوش کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس نوٹیفائیڈ نرخوں کے مطابق اشیائے خور و نوش کی قیمتیں چیک کریں، جبکہ ہر ریڑھی، دکان اور مارکیٹ میں سرکاری نرخ نامہ نمایاں طور پر آویزاں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، تاکہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف مؤثر کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
نعمان یوسف نے اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا فورس اور پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ پرائس چیکنگ اور مارکیٹ مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کریں اور سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں۔